Saturday, January 11, 2025
Homeصحتاے آئی کی مدد سے ایک منٹ کے اندر کینسر کی تشخیص...

اے آئی کی مدد سے ایک منٹ کے اندر کینسر کی تشخیص کا دعویٰ

بیجنگ:چینی ماہرین نے میڈیکل سائنس میں حیرت انگیز کارنامہ کرتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے محض ایک منٹ کے اندر موذی مرض کینسر کی تشخیص کا دعویٰ کردیا۔
طبی جریدے نیچر میں شائع تحقیق کے مطابق چینی ماہرین نے اے آئی ٹولز کی مدد سے بلڈ ٹیسٹ کا ایک ایسا آلہ تیار کرلیا ہے جو محض ایک منٹ میں بھی کینسر کی تشخیص کر سکتا ہے۔
مذکورہ آلہ شوگر اور دیگر بلڈ ٹیسٹ کی اسکریننگ کرنے والے آلے کی طرح ہے اور اے آئی سے لیس مذکورہ آلے سے کینسر کی اسکریننگ ہوگی۔
ماہرین کے مطابق مذکورہ آلے میں خون کے محض ایک قطرے سے بھی اسکریننگ ممکن ہوگی اور ایک منٹ کے اندر نتیجے کا علم ہوجائے گا۔
مذکورہ آلے کے تحت بڑی آنت، معدے اور لبلبے سمیت پیٹ کی دیگر کینسر کی اسکریننگ کی جا سکے گی۔
چینی ماہرین نے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے تیار کیے گئے آلے کی اسکریننگ حقیقت کے انتہائی قریب ہے اور اس سے کینسر کی جلد اور سستی تشخیص میں مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ آلہ محض ایک ڈالر کی قیمت کا ہوگا اور اس سے انتہائی کم وقت اور خون کے ایک قطرے سے کینسر کی اسکریننگ ہوگی۔
ماہرین نے بتایا کہ مذکورہ آلے کی اسکریننگ کے بعد ہی مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے، جس طرح شوگر کی اسکریننگ ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق انہوں نے مذکورہ آلے سے اسکریننگ کرنے کے بعد مشکوک مریضوں کے مزید ٹیسٹس کیے اور اسکریننگ کے نتائج درست نکلے۔
اس وقت لبلبے، معدے، بڑی آنت اور پیٹ کے دیگر اعضا کے کینسر کی تشخیص کے لیے سی ٹی اسکین، متعدد بلڈ ٹیسٹ، بائیوپسی اور دیگر میڈیکل پروسیجرز کیے جاتے ہیں اور اس میں کئی دن لگتے ہیں جب کہ ایسے ٹیسٹ مہنگے بھی ہوتے ہیں۔
ماہرین کو امید ہے کہ مذکورہ آلے کی کامیابی اور اس کے استعمال سے کینسر کے مرض کی اسکرین اور تشخیص میں مدد ملے گی، تاہم ساتھ ہی ماہرین نے مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق کرنے پر زور دیا۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments