Saturday, January 11, 2025
Homeدنیابغیر اجازت غیرملکیوں کی حرم مکی میں داخلے پر پابندی عائد

بغیر اجازت غیرملکیوں کی حرم مکی میں داخلے پر پابندی عائد

مکہ مکرمہ:سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حج انتظامات کے باعث غیر ملکی تارکین وطن کی حرم مکی میں بغیر اجازت داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ العربیہ نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد حج انتظامات کو منظم کرنا اور بغیر اجازت حج کرنے والوں کو روکنا ہے، ایسے غیرملکی جن کے پاس مقدس مقام حرم مکی کے اندر ورک پرمٹ، عمرہ ویزہ پرمٹ یا وزٹ ویزہ موجود ہے انہیں اضافی اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، ایسے تارکین وطن جو حرم مکی میں کام کررہے ہیں وہ ’ابشر‘ پلیٹ فارم سے کوائف کے اندراج کے بعد اپنا اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو حج کے اجازت نامے نہیں رکھتے انہیں پہلے حج کے لیے تمام ضروری لوازمات مکمل کرنا ہوں گے، اس سلسلے میں اگر کسی کو حرم مکی میں آنا ہوا تو اسے پہلے مجاز حکام سے اس کی اجازت لینا ہوگی، اسی طرح سعودی عرب میں وزارت حج اور عمرہ نے اعلان کیا کہ عمرہ ویزا کی مدت اجراء کی تاریخ سے 3 ماہ تک ہے، عمرہ سیزن پندرہ ذی الحج کو ختم ہوجاتا ہے۔
سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے، عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments