Saturday, January 11, 2025
Homeہندوستانآج بنے گی این ڈی اے سرکار، مودی لیں گے تیسری بار...

آج بنے گی این ڈی اے سرکار، مودی لیں گے تیسری بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی وزراء کونسل میں شامل کئے جانے والے اراکین کو اتوار کے روز حلف دلانے کے لئے اسٹیج تیار ہوگیا ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو مسٹر مودی کو اتوار کی شام 7.15 بجے راشٹرپتی بھون کے صحن میں حلف دلائیں گی۔ مسلسل تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لے کر ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے ریکارڈ کو دہرانے والے مودی کی اس بار کی تقریب حلف برداری پہلی دو تقریب حلف برداری کی طرح ہی تاریخی اور شاندار ہونے جارہی ہے
ویسے مودی بھی حلف لینے سے پہلے راج گھاٹ جانے والے ہیں۔ ان کی جانب سے مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری دی جائے گی، انہیں گلہائے عقیدت پیش کیے جائیں گے، اس کے بعد ہی تقریب حلف برداری کی تیاریاں کی جائیں گی۔ اس بار مودی 3.0 کی کابینہ کو لے کر طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ہر کسی کے ذہن میں یہ سوال چل رہا ہے کہ کس کو وزیر بنایا جائے گا اور کس کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی۔ بہت سارے سوالات ہیں کیونکہ اس بار مودی یا بی جے پی نہیں بلکہ مرکز میں مکمل طور پر این ڈی اے کی حکومت بنی ہے۔ بی جے پی اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل نہیں کر پائی ہے، اس لیے اس کا سفر اپنے اتحادیوں کی مدد سے ہی آگے بڑھنے والا ہے۔
ممکنہ وزراء کی فہرست
اس وقت رام موہن نائیڈو، پون کلیان، پرتاپراؤ جادھو، شری رنگ بارنے، پرفل پٹیل، راج ناتھ سنگھ، انوپریہ پٹیل، آر ایل ڈی کے سربراہ جینت چودھری، ارون ساگر، جتن پرساد، دنیش شرما، مہیش شرما، لکشمی کانت واجپائی کے نام سب سے نمایاں ہیں۔ ممکنہ وزراء کی فہرست پر کافی بحث جاری ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ مودی نے ایسی کسی بھی قیاس آرائی سے صاف انکار کر دیا ہے، وہ صاف کہتے ہیں کہ وزراء کا انتخاب میڈیا ذرائع سے نہیں ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری وزارتی کونسل میں اتحادیوں کے 20 سے زیادہ نئے چہرے جدت کا عنصر لائیں گے، جب کہ اہم وزارتوں میں پرانے تجربہ کار چہرے اس کی رفتار میں اضافہ کریں گے۔باخبر ذرائع کے مطابق تقریباً مودی اور ان کی وزارتی کونسل ک40 سے زیادہ اراکین اتوار کو حلف لیں گے۔ ان کے ساتھ پارلیمنٹ میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی اتحادی جماعتوں کے 20 سے زائد اراکین بھی وزراء، وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) اور وزرائے مملکت کے طور پر حلف لیں گے۔
اطلاعات کے مطابق این ڈی اے کی سب سے بڑی اتحادی تیلگو دیشم پارٹی کو کابینہ میں تین اور جنتا دل یونائیٹڈ کو دو سیٹیں مل سکتی ہیں۔ باقی جماعتوں کو ایک ایک جگہ دینے کی بات ہو رہی ہے۔ ایسے میں مودی کی کابینہ میں تجربہ اور اختراع کا امتزاج نظر آنے کا امکان ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے نئے چہروں میں مدھیہ پردیش، کیرالہ، اڈیشہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے کچھ پرانے تجربہ کار چہرے بھی ہوں گے۔
وزارت داخلہ، دفاع، خزانہ، امور خارجہ، ریلوے، روڈ ٹرانسپورٹ، اطلاعات و نشریات، شہری ہوا بازی جیسی وزارتیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے پرانے بڑے چہروں کے پاس رہنے کا امکان ہے، جب کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارتیں، زراعت ، دیہی ترقی، بھاری صنعت، صنعت و تجارت وغیرہ میں بی جے پی اور اتحادیوں کے نئے چہرے نظر آئیں گے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ پرانی کابینہ کے وزراء کے ساتھ اتحادیوں کے وزرائے مملکت بھی بڑی وزارتوں میں نظر آئیں۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے کل ہی اس کا اشارہ دیا تھا۔ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ذریعہ حکومت سازی کی دعوت دیئے جانے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ ملک کو اب ان کے اور ان کی ٹیم کے 10 سال تک حکومت چلانے کے تجربے کا اگلے پانچ سال تک پورا فائدہ ملے گا اور حکومت تیزی سے کام کرے گی۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments