Saturday, January 11, 2025
Homeصحتبچوں کے منہ کی صحت کا خاص خیال رکھنا ضروری

بچوں کے منہ کی صحت کا خاص خیال رکھنا ضروری

نئی دہلی:عموماً بچوں کے دانتوں کا اس لئے خیال نہیں رکھا جاتا کہ یہ چند سالوں میں گر جائیں گے اور دوسرے دانت آ جائیں گے۔حالانکہ اس عمر میں دانتوں میں کیڑا لگ جانے سے بچے سوجن اور تکلیف کی وجہ سے کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں۔جس سے ان کی نشوونما اور صحت متاثر ہوتی ہے اور اگلے آنے والے دانتوں میں بھی مختلف مسائل ہو سکتے ہیں۔نومولود بچے کا منہ ململ کے نرم کپڑے سے صاف کیا جانا چاہیے۔
بازار میں سیلیکون برش میسر ہیں جنھیں انگلی پر چڑھا کر بچوں کا منہ باآسانی صاف کیا جا سکتا ہے۔شیر خوار بچوں کو ان کے عمر کے مطابق بنائے گئے ٹوتھ پیسٹ سے دن میں کم از کم دو مرتبہ اور دانت میں چپکنے والی چیز کھانے کے فوراً بعد ضرور برش کروانا چاہیے۔
اگر بچوں کے دانتوں میں کیڑا لگ رہا ہے تو اس کا مطلب ہے بچہ دانت صاف نہیں کر پا رہا اور اس کی ماں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خود یا اپنی نگرانی میں بچے کے دانت صاف کروائے اور دانتوں کا علاج ضرور کروائے۔
جن بچوں کے دودھ کے دانتوں میں کیڑے لگے ہوں ان کی پکی داڑھیں آنے کے فوراً بعد ہی اسے سیلینٹ فیشیور سے بھروانا چاہیے۔تاکہ وہ کیڑا لگنے سے بچ سکیں۔عموماً چھ سے سات سال کی عمر میں پہلی پکی ڈاڑھ نکلتی ہے۔
چار سال سے زائد عمر کے بچوں میں فیڈر، چوسنی یا انگوٹھا چوسنے کی عادت سے بچوں کے دانت ٹیڑھے اور جبڑے کی ساخت خراب ہو سکتی ہے۔اس عادت کو کم عمری میں چھڑوانے کے لئے مختلف آلات استعمال کئے جاتے ہیں، جس کے لئے آپ معالج سے رجوع کر سکتے ہیں۔
اگر اسے نظر انداز کیا جائے تو آگے جا کر ٹیڑھے دانتوں اور جبڑوں کو سیدھا کرنے کے لئے مہنگے اور مشکل علاج سے گزرنا پڑتا ہے۔
چہرے کے خدوخال خراب ہونے سے بچے کی نفسیات پر اثر ہو سکتا ہے۔جو بچے رات میں فیڈر لے کر سوتے ہیں ان کے دانتوں میں کیڑا لگنے کی شرح سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ماں کی ذمہ داری ہے کہ فیڈر کی عادت جلد از جلد چھڑائے۔اور بحالتِ مجبوری اگر فیڈر دی ہی جا رہی ہے تو اس میں چینی یا کوئی میٹھا مشروب شامل نہ کیا جائے اور دودھ پینے کے بعد منہ ضرور صاف کیا جائے۔بچوں کو میٹھی اور میدے سے بنی چیزیں کم سے کم کھلانی چاہیے۔بچپن سے ہی متوازن اور صحت بخش غذا کی عادت ڈالنی چاہیے۔وٹامن ڈی، سی اور کیلشیم سے بھرپور غذا سے بچوں کے دانت اور ہڈیاں مضبوط ہوتے ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments