غزہ:اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں 6 اکتوبر سے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی دوران العربیہ اور الحدث ذرائع نے بتایا جس کی اسرائیلی فوج نے بھی تصدیق کی کہ بریگیڈ کمانڈر سمیت اسرائیل کے 4 فوجی ہلاک ہوگئےہیں۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج کے کمانڈروں کو شمالی غزہ کی پٹی میں بارودی سرنگوں کے حملے میں مارا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مسلح افراد نے ایک سینئر افسر کو اس وقت گردن میں گولی مار دی جب وہ علاقے کا دورہ کر رہے تھے۔ اس حملے کے نتیجے میں 4 اسرائیلی افسر مارے گئے جن میں 401 ویں آرمرڈ بریگیڈ کا کمانڈر ایک کرنل بھی شامل تھا۔
اسرائیلی فوج کے رہنما شمالی غزہ کی پٹی کا دورہ کر رہے تھے جہاں ان پر بارودی سرنگوں سے حملہ کردیا گیا۔ انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو القسام کے ایک سنائپر نے ایک سینئر افسر کی گردن میں گولی چلا دی۔ ذرائع نے بتایا کہ افسر کی حالت انتہائی نازک ہے۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے غزہ کی لڑائی میں 401ویں بریگیڈ کے کمانڈر کی ہلاکت کا باضابطہ اعلان کردیا۔
واضح رہے اسرائیلی فوج نے 6 اکتوبر سے شمالی غزہ میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ فوج نے محصور شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے ’’ ایکس‘‘ پر شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینی خواتین، مردوں اور بچوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کیے جانے کی ایک تصویر پوسٹ کی۔ گھر بار چھوڑنے والوں کی تعداد 5000 فلسطینیوں تک پہنچ چکی ہے۔ تصاویر میں مرد، خواتین اور بچوں کو بڑی تعداد میں سورج کے نیچے اور تباہی کے اثرات کے درمیان باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو کلپس میں یہ بھی دکھایا گیا کہ اسرائیلی فوج درجنوں فلسطینی شہریوں کو جبالیا میں اسرائیلی ٹینک کے سامنے ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کر رہی ہے۔ اپنی طرف سے مشرق وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار نے کہا کہ شمالی غزہ میں مناظر خوفناک تھے اور بیت لاھیا میں درجنوں افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے اتوار کے روز شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیا پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 87 افراد کے جاں بحق اور لاپتہ ہونے اور 40 سے زیادہ کے زخمی ہونے کا بتایا۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ سات اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی کارروائیوں میں مرنے والوں کی تعداد 42,603 اور زخمیوں کی تعداد 99,795 ہوگئی ہے۔