سنبھل:اتر پردیش کے سنبھل میں پیر کے روز ایک 35 سالہ شخص کی پولیس حراست میں موت ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ متوفی کے اہل خانہ نے اس کا ذمہ دار پولیس کو ٹھہرایا ہے۔ اس پر لوگوں نے تھانے میں ہنگامہ کیا۔
لوگوں کے جارحانہ مظاہروں کی وجہ سے چوکی پر موجود اہلکار ہجوم کے ممکنہ حملے کے خوف سے بھاگ نکلے جس کے بعد دو تھانوں سے پولیس فورس کو بلا کر تعینات کیا گیا۔ امن برقرار رکھنے کے لیے ریپڈ ایکشن فورس اور دو پولیس اسٹیشنوں، نخاسہ اور کوتوالی کے اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔
اس معاملے میں مقتول کی اہلیہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کھگگو سرائے کے علاقے میں رائیستی تھانے کے چار اہلکار ان کے گھر میں داخل ہوئے اور بیمار عرفان کو یہ کہہ کر لے گئے کہ اسے شکایت کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے اسٹیشن لے جایا جا رہا ہے۔
متوفی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ میرے شوہر کو تھانے لے گئے، جہاں انہیں مارا پیٹا گیا اور وہ جاں بحق ہوگیا۔ ہم نے پولیس والوں سے درخواست کی کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور کم از کم انہیں دوائی لینے کا وقت دیا جائے لیکن انہوں نے ہماری ایک نہ سنی۔ انہیں جیپ میں ڈال دیا۔ اگر وہ اپنی دوائیاں لیتا تو اید وہ بچ جاتا۔ وہ مقامی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔
اس معاملے میں سنبھل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشن کمار بشنوئی نے کہا کہ جب انہیں تھانے لایا گیا تو ان کا بیٹا بھی ساتھ تھا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور اسے دوا لینے کی ضرورت ہے۔