
غزہ:بدھ کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا کہ اسرائیلی وفد غزہ معاہدے پر مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچ گیا ہے تاہم اسی دوران اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے لوگوں کو نئی دھمکیاں بھی د ی ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے اعلان کیا کہ غزہ کے حوالے سے اسرائیلی سکیورٹی پالیسی واضح ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ جو بھی بفر زون میں داخل ہوگا اس کا خون بہایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کسی بھی ایسے شخص کو برداشت نہیں کرے گی جو اس کی افواج یا باڑ کے علاقے اور بستیوں کےلیے خطرہ بنے گا۔ انہوں نے کہا سات اکتوبر جیسے حالات کی طرف جانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
یسرائیل کاٹز نے کہا کہ فوجی دستوں نے آج خطرے کی نشاندہی کرنے اور اس سے نمٹنے کے لیے مناسب طریقے سے کام کیا اور وہ مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج تمام امکانات کے لیے تیار ہے اور کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دے گی۔ اسرائیلی وزیر کا یہ بیان اس کی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں تین فلسطینی شہریوں کو قتل کردینے کے بعد تبصرہ کے طور پر سامنے آیا ہے۔