
نئی دہلی: راجدھانی کے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر کل رات پیش آنے والے حادثے کی وجہ فٹ اوور برج کے پلیٹ فارم نمبر 14 اور 15 کی طرف جانے والی سیڑھیوں پر مسافر کا نادانستہ طور پر پھسل جانا تھا، جس کے نتیجے میں اس کے پیچھے موجود متعدد مسافرین اس کی زد میں آ گئے شمالی ریلوے کے چیف ترجمان نے آج صبح یہاں یہ اطلاع دی اور یہ بھی کہا کہ ریلوے کی طرف سے کل رات کے بھگدڑ کے واقعہ سے متاثرہ لوگوں میں معاوضہ کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ حادثے کی وجہ پوچھے جانے پر ترجمان نے کہا کہ جس وقت یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اس وقت پٹنہ جانے والی مگدھ ایکسپریس نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 14 پر کھڑی تھی اور جموں جانے والی اتر سمپرک کرانتی ایکسپریس پلیٹ فارم نمبر 15 پر کھڑی تھی۔ اس دوران ایک مسافر فٹ اوور برج سے پھسل کر پلیٹ فارم نمبر 14 اور 15 کی طرف جانے والی سیڑھیوں پر پھسل کر گرگیا اور اس کی زد میں آنے سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے کی تحقیقات اعلیٰ سطحی کمیٹی کر رہی ہے۔
تاہم ریلوے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ اس بارے میں جب اصرار سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس پورے واقعہ کے بارے میں سرکاری اور تفصیلی معلومات شیئر کی جائیں گی۔
رات کو میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ حادثے میں کئی لوگ ہلاک ہوئے اور ان کی تعداد مختلف بتائی گئی تھی۔ لیکن کوئی سرکاری اعداد و شمار نہیں دیے گئے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر لیڈروں نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرین سے تعزیت کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کی رات تقریباً 10 بجے کسی وجہ سے پلیٹ فارم نمبر 13، 14 اور 15 پر کمبھ جانے کے لیے بڑی تعداد میں آنے والے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی جس میں متعدد مسافرین زخمی ہوگئے۔ دہلی پولیس نے زخمیوں کی تعداد 10 بتائی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق ریلوے کی جانب سے ہر گھنٹے میں 1500 جنرل ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ جس کی وجہ سے ہجوم قابو سے باہر ہو گیا۔ پلیٹ فارم نمبر 14 کے علاوہ پلیٹ فارم نمبر 16 پر ایسکلیٹر کے نزدیک بھی بھگدڑ مچ گئی تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پروٹیکشن فورس اور دہلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
رات میں، ریلوے بورڈ کے چیئرمین ستیش کمار نے ریلوے پروٹیکشن فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ اسٹیشن پر جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
بعد میں ریلوے نے بتایا کہ مسافروں کی تعداد میں اچانک اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے پریاگ راج مہاکمبھ کے لیے چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے بھیڑ کم ہوئی ہے اور حالات قابو میں آگئے ہیں۔