Saturday, March 1, 2025
Homeکاروبارمائیکروسافٹ کا باضابطہ طور پر اسکائپ سروس بند کرنے کی تاریخ کا...

مائیکروسافٹ کا باضابطہ طور پر اسکائپ سروس بند کرنے کی تاریخ کا اعلان

واشنگٹن:مائیکروسافٹ کمپنی نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ وہ 5 مئی کو سکائپ آن لائن کالنگ سروس کو بند کردے گی اور سکائپ کو صارفین کے لیے مائیکروسافٹ ٹیمز کے مفت ورژن سے تبدیل کردیا جائے گا۔ کمپنی نے 21 برس قبل شروع کی جانے والی سکائپ سروس کے صارفین کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ اب مفت ٹیمز ایپ استعمال کریں۔
سکائپ سروس نے صارفین کی توجہ اس وقت حاصل کی جب اسے لانچ کیا گیا کیونکہ اس نے لوگوں کو فون کمپنیوں کو ادائیگی کیے بغیر کال کرنے کی اجازت کے قابل بنا دیا تھا۔ لیکن موبائل فون کے دور میں یہ ایپ اب زوال پذیر ہوگئی اور کورونا وبا کے دوران اس میں کوئی خاص بحالی نہیں ہوئی۔
انٹرنیٹ اور ایپس کے عروج کے زمانے میں لوگ بھول گئے کہ سکائپ اب بھی دستیاب ہے کیونکہ بات چیت اور کالز کے بہت سے دوسرے آپشنز مہیا ہوگئے ہیں۔ 5 مئی کو اعلان کردہ آخری تاریخ کے ساتھ اسکائپ کے صارفین کے پاس یہ فیصلہ کرنے کے لیے 10 ہفتے ہیں کہ سروس پر اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ کیا کرنا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ سکائپ بند ہونے سے کتنے لوگ متاثر ہوں گے۔
مائیکروسافٹ نے سروس کے بارے میں جو آخری نمبر شیئر کیے وہ 2023 میں تھے۔ اس وقت بتایا گیا تھا کہ سکائپ کے 36 ملین سے زیادہ صارفین ہیں۔ یہ سکائپ کے عروج کے دور کے مقابلے میں بہت کم تعداد تھی۔ عروج کے دور میں سکائپ کے صارفین 300 ملین تھے۔
سکائپ کے موجودہ صارفین ٹیمز ایپ میں لاگ ان کر سکیں گے اور کوئی دوسرا اکاؤنٹ بنائے بغیر اپنی میسج ہسٹری، گروپ چیٹس اور رابطے خود بخود حاصل کر سکیں گے۔ صارفین اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کرنے کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کا سکائپ کو بند کرنے کا فیصلہ بڑی حیران کن بات نہیں ہے کیونکہ کمپنی نے ٹیمز کو اسی توقع کے دوران لانچ کیا تھا۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments