Saturday, January 11, 2025
Homeہندوستانحجاج کرام کی آج سے وطن واپسی شروع ، 378 حاجی دہلی...

حجاج کرام کی آج سے وطن واپسی شروع ، 378 حاجی دہلی پہنچے

نئی دہلی: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ میں دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں نے حج 2024 مکمل کیا اور فریضہ حج ادا کرنے کے بعد حاجیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت آج 378 حاجی سعودی ایئرلائنز کی پہلی پرواز سے دہلی پہنچے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے آج شام 5 بجے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی ایئر لائن کی پرواز سے اترنے والے حاجیوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا۔ انہوں نے تمام حاجیوں کو وطن واپسی پر مبارکباد پیش کی ۔
اس موقع پر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی اور دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس سال دنیا بھر سے تقریباً 19 لاکھ افراد نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔ ہندوستان سے سفر حج پر جانے والوں کی تعداد 139964 ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر انتظام دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے سفر حج پر جانے والوں کی تعداد 16443 ہے ۔ ان میں دہلی سے 3065 حاجی، مغربی اتر پردیش سے 9567، ہریانہ سے 1345، اتراکھنڈ سے 1038، پنجاب سے 251 اور چنڈی گڑھ سے 36 عازمین شامل ہیں ۔ وہیں جن حاجیوں نے اپنی پسند کے مطابق دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا، ان میں سے 393 بہار سے، 498 جموں و کشمیر سے، 3 گوا سےاور 3 مدھیہ پردیش سے ہیں۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments