Saturday, January 11, 2025
Homeہندوستانبی جے پی کو کانگریس کی غلطی نہیں دہرانی چاہئے: نتن گڈکری

بی جے پی کو کانگریس کی غلطی نہیں دہرانی چاہئے: نتن گڈکری

نئی دہلی:مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اپنی ہی پارٹی (بی جے پی) کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کو کانگریس کی غلطی نہیں دہرانی چاہئے۔ گڈکری نے کہا کہ بی جے پی مختلف سوچ رکھنے والی پارٹی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ بار بار عوام کا اعتماد جیت رہی ہے۔ اگر ہم وہی کرتے رہیں جو کانگریس کرتی تھی تو پھر ان کے اقتدار چھوڑنے اور ہمارے آنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ گڈکری نے مزید کہا کہ بی جے پی کو کانگریس جیسی غلطی نہیں کرنی چاہئے جس کی وجہ سے اسے اقتدار سے باہر ہونا پڑا۔
ناگپور سے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ گڈکری نے کہا کہ لوگوں نے کانگریس کی غلطیوں کی وجہ سے بی جے پی کو منتخب کیا۔ ہمیں کرپشن فری ملک بنانا ہے اور اس کے لیے ہمارے پاس لائحہ عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارٹی کارکن جان لیں کہ سیاست سماجی اور معاشی اصلاحات لانے کا ذریعہ ہے۔ گڈکری نے یہ باتیں گوا کے پنجی میں بی جے پی کی ایگزیکٹو میٹنگ کے دوران کہیں۔
اپنی 40 منٹ طویل تقریر میں گڈکری نے سینئر بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی کے تبصرے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘بی جے پی ایک مختلف سوچ رکھنے والی پارٹی ہے’۔ گڈکری نے کہا کہ اڈوانی جی کہا کرتے تھے کہ ہم ایک الگ سوچ والی پارٹی ہیں۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ ہم دوسری جماعتوں سے کتنے مختلف ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے مہاراشٹر کی سیاست کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ذات پات کی بنیاد پر سیاست کرنے کا رجحان ہے۔ لیکن میں نے ایسا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں نے لوگوں سے کہا ہے کہ میں ذات پات کی سیاست نہیں کروں گا۔ میں ذات پات پر یقین نہیں رکھتا۔ جو ذات پات کی بات کرے گا میں اسے اچھا نہیں سمجھتا۔ گڈکری نے کہا کہ انسان کی پہچان اس کی اقدار سے ہوتی ہے نہ کہ اس کی ذات سے۔
ایم ایل سی انتخابات میں این ڈی اے کی شاندار کارکردگی
گڈکری کا یہ بیان ایک ایسے دن آیا ہے جب مہاراشٹر میں ایم ایل سی انتخابات میں مہایوتی اتحاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مہایوتی نے 11 میں سے 9 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی کے سبھی 5 امیدوار پنکجا منڈے، پرینئے پھوکے، امت گورکھے، یوگیش تلیکر اور سدا بھاؤ کھوٹ نے جیت حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے دو امیدوار کرپال تمانے اور بھاونا گاولی نے بھی کامیابی حاصل کی۔
دوسری طرف، اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے دونوں امیدوار شیواجی راؤ گرجے اور راجیش وٹیکر نے الیکشن جیتا۔ مہا وکاس اگھاڑی کو قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ صرف دو سیٹیں جیت سکیں۔ ادھو کی شیو سینا کے ملند نارویکر اور کانگریس کی پرگیہ ساتو نے جیت حاصل کی، جب کہ شرد پوار کے حمایت یافتہ امیدوار جینت پاٹل الیکشن ہار گئے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments