Saturday, January 11, 2025
Homeدنیااولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے: نیتن...

اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے: نیتن یاہو

تل ابیب:اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے جمعرات کو کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اسرائیل ایران میں کہیں بھی پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے نئے فوجی افسران سے خطاب میں مزید کہا کہ اسرائیل کو ایران پر حالیہ فضائی حملوں کے بعد کارروائی کی بے مثال آزادی حاصل ہے۔ نیتن یاہو نے کہا میں نے اسرائیل کی دفاعی افواج اور سکیورٹی شاخوں کو جو حتمی ہدف دیا ہے وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
بدھ کے روز ’’سی این این‘‘ نے ایک نجی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران حالیہ اسرائیلی حملوں کا فیصلہ کن اور تکلیف دہ جواب دینے کا کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ جواب 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل دیئے جانے کا امکان ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران 25 اکتوبر کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کی سنگینی کو کم کرنے کی اپنی کوششوں سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے عوامی سطح پر ایرانی اہداف پر حملے کا اعتراف کیا ہے۔
واضح رہے اسرائیلی حملے پر اپنے پہلے ردعمل میں ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے تبصرہ کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ اسے نہ تو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جانا چاہیے اور نہ ہی کم سمجھا جانا چاہیے۔ ایران کے مذاکرات سے واقف ایک ذریعہ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اسرائیلی حملے پر تہران کا ردعمل فیصلہ کن اور تکلیف دہ ہو گا۔ اگرچہ ذریعے نے حملے کی کوئی مخصوص تاریخ سے متعلق کوئی آگاہی نہیں دی ہے تاہم یہ کہا ہے کہ ایران کا یہ جوابی حملہ امریکی صدارتی انتخابات کے دن سے پہلے ہونے کا امکان ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے متعدد نمائندوں نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کو ایک خط بھیج کر ایران کے دفاعی نظریے پر نظر ثانی کرنے اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے ضروری صلاحیتوں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے رکن منّان رئیسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے دستبردار ہوجانا چاہیے کیونکہ اس کے پاس حکومت کے ایٹمی نظریے کو تبدیل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایران آبزرویٹری کی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹرنس کی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچنے کے لیے حکومت کے ایٹمی نظریے کو تبدیل کرنے سے کوئی فرار نہیں ہے۔
منّان رئیسی نے یہ بھی کہا کہ موجودہ وقت میں ہم ایٹمی ہتھیار بنانے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔ خوش قسمتی سے ہم نے گزشتہ ایک سال کے دوران اس جوہری میدان میں قابل ذکر ترقی حاصل کی ہے۔ ایران اس معاملے کو 6 ماہ سے بھی کم وقت میں حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے ارکان پارلیمان کی جانب سے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کو بھیجے گئے خط پر دستخط کیے ہیں۔ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی منصوبہ بندی کی ضرورت سے متعلق لیٹر پر دستخطوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments