Saturday, January 11, 2025
Homeدنیاغزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں صحافی سمیت 22 فلسطینی جاں...

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں صحافی سمیت 22 فلسطینی جاں بحق

غزہ:ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فوجی حملوں میں ایک صحافی سمیت کم از کم 22 فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا۔
وسطی غزہ کی پٹی میں الاقصی شہداء ہسپتال کے طبی ذرائع نے جرمن خبر رساں ایجنسی (ڈی پی اے) کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دیرالبلح پر فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ یہ حملہ بلدیہ کے مرکزی دفتر کی عمارت پر کیا گیا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ مرنے والوں میں دیر البلح کے میئر ذیاب اللوح بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افراد کی لاشیں بمباری میں بری طرح مسخ ہوگئی تھیں، ان کے بکھرے اعضا جمع کرکے ہسپتال لائے گئے۔
عینی شاہدین نے ’ڈی پی اے‘ کو بتایا کہ دیر البلح میونسپلٹی کی عمارت کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جب کہ یہ جگہ بے گھر لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔
سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے ڈی پی اے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں بے گھر ہونے والے افراد کی رہائش گاہوں والے تین سکولوں کو نشانہ بنا کر 11 فلسطینیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ ان سکولوں میں المقدسہ ، الماجدہ وسیلہ اور یافا خاندانوں کے لوگ پناہ لیے ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اس جگہ کو محفوظ قرار دیا تھا۔
بسال نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس کے عملے نے متاثرین کو الاہلی العربی ہسپتال (المعمدنی) اور الشفاء میڈیکل ہسپتال پہنچایا۔
بسال نے وضاحت کی کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے الرمل محلے میں المقدسہ فیملی سکول کو نشانہ بنا کر مزید دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
بسال کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الصفاوی محلے میں صحافی محمد بعلوش کو ان پر بمباری کرکے قتل کردیا۔
غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بعلوشہ کے قتل سے سات اکتوبر 2023ء کو جنگ کے آغاز کے بعد سے مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد 190 ہوگئی ہے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments