غزہ:اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا معاہدہ آج اتوار کو مقامی وقت کے مطابق 0830 بجےنافذ ہونے سے چند گھنٹے قبل اسرائیل نے ان مقامات کا نقشہ شائع کیا ہے جہاں غزہ میں فلسطینیوں کو جانے سے منع کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کو آج ہفتے کے روز جنوبی غزہ سے شمال کی طرف یا نیٹزارم روڈ کی طرف جانے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اب بھی خطرناک ہے۔
انہوں نے “ایکس” پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر لکھا کہ معاہدے کی بنیاد پر اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے مخصوص علاقوں میں تعینات رہے گی، فوج کے قریب آنے کے خلاف انتباہ کیا جائے گا۔
انہوں نے رفح کراسنگ کے علاقے، فلاڈیلفی کوریڈور اور جہاں اسرائیلی فوج تعینات ہےان تمام علاقوں تک پہنچنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا۔
اویچائی نے کہا کہ پٹی کے ساتھ سمندری علاقے میں ماہی گیری، تیراکی اور غوطہ خوری ک خطرناک ہوسکتی ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں سمندر میں داخل ہونے کے خلاف خبردار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اسرائیلی علاقے اور بفر زون کے قریب جانا منع ہے اور یہ بہت خطرناک ہے”۔
اپنی طرف سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ “ہم غزہ معاہدہ اس وقت تک شروع نہیں کریں گے جب تک کہ ہم ان مغویوں کے نام حاصل نہیں کر لیتے جنہیں کل رہا کیا جائے گا”۔
انہوں نے کہا کہ تل ابیب غزہ معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ذمہ داری تنہا حماس پر عائد ہوتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ معاہدہ بدھ کو قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں کے بعد طے پایا تھا۔
معاہدے میں 3 مراحل شامل ہیں۔ پہلا مرحلہ چھ ہفتے تک جاری رہنے کی توقع ہے، اس دوران 33 اسرائیلی قیدیوں، جن میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار شامل ہیں کو متعدد فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں رہا کیا جائے گا۔
معاہدے میں غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کے بتدریج انخلاء کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔