
پٹنہ:آر جے ڈی سربراہ اور سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو نے مہا کمبھ کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمبھ بیکار ہے، اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ساتھ ہی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن حادثہ پر انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ہم مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قصور ریلوے کا ہے۔ یہ حادثہ ریلوے کی لاپروائی کے باعث پیش آیا۔ یہ ریلوے کی ناکامی ہے۔ وزیر ریلوے ذمہ داری لیں۔
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں 18 افراد ہلاک اور 12 شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کا دہلی کے لیڈی ہارڈنگ اور ایل این جے پی اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی رات پلیٹ فارم نمبر 14 اور 16 پر پیش آیا۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ وزیر ریلوے نے بھگدڑ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
اس بھگدڑ میں مرنے والے زیادہ تر لوگ بہار اور دہلی کے رہنے والے ہیں۔ بہار سے 9، دہلی سے 8 اور ہریانہ سے 1 کی موت ہوئی ہے۔ اس وقت نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر صورتحال قابو میں ہے۔ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔