Sunday, January 12, 2025
Homeدنیانواز شریف کا اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا اعلان

نواز شریف کا اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا اعلان

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دے دیا ہے۔
نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ہمارا فرض ہے ملک کو بھنور سے نکالا جائے، سب کو دعوت دیتے ہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھو، آپ جانتے ہیں کس نے ملک کے لئے کیا کیا ہے، آپ کومعلوم ہے کہ (ن) لیگ کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس بھنور سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے، سب کو مل کر اس کو بھنور سے نکالنا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ سیاستدان، پارلیمینٹ، افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کے لئے کم از کم دس سال چاہئے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کر بیٹھنا ہوگا، معاملات طے کرنے ہوں گے۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments